
بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے 22 اپریل 2025 سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات تین ہفتوں کیلئے مؤخر کر دیے ہیں۔ بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ اساتذہ کی جانب سے امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان ہے۔ جبکہ طلبہ نے امتحانات کی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے آئندہ سال میڈیکل کالجز میں داخلے متاثر ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب، شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث 8 اپریل سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
بنوں بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا، اور نئی تاریخوں کا اعلان متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، جن میں 9 لاکھ 20 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوں گے۔