
کراچی کے علاقے صدر میں 4 ڈاکو تاجر محمد آصف سے 58 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مصروف ترین تجارتی علاقے صدر میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب چار رکنی موٹرسائیکل سوار گروہ نے بینک سے رقم لے کر آنے والے تاجر کو نشانہ بنا کر 58 لاکھ روپے لوٹ لیے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ تاجر محمد آصف موبائل مارکیٹ پہنچنے ہی والے تھے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکو تعاقب کرتے ہوئے آن دھمکے، انہیں ملزمان نے گھیر لیا اور چند لمحوں میں چلتے روڈ پر اسلحہ کے زور پر نقدی چھین کر گارڈن کی سمت فرار ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ پریڈی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل شدہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دی گئی ہے، ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سرویلنس بڑھا دی گئی ہے۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینک سے رقم نکالنے کے بعد تاجروں کو مسلسل لوٹا جا رہا ہے، لیکن ملزمان قانون کے شکنجے سے باہر ہیں۔‘
الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر نے وزیرِاعلیٰ سندھ، صوبائی وزیرِ داخلہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہرِ قائد میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور الیکٹرونکس و موبائل مارکیٹوں کو مؤثر سکیورٹی فراہم کی جائے۔