
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹر سے تیار کردہ ریلوے اسٹیشن بنایا جائے گا، جو اس ماہ کے آخر میں صرف 6 گھنٹے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ اسٹیشن اوساکا کے جنوب میں Wakayama علاقے میں 108 اسکوائر فٹ رقبے پر تعمیر کیا جائے گا۔ تعمیراتی عمل 25 مارچ کو موجودہ ریلوے اسٹیشن سے آخری ٹرین روانہ ہونے کے بعد شروع ہوگا۔ جاپان ریلوے گروپ نے کہا ہے کہ اسٹیشن کی تعمیر میں تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار شدہ مواد استعمال کیا جائے گا، جسے بعد میں 6 گھنٹوں میں اسمبل کر دیا جائے گا۔ اگرچہ یہ واضح نہیں کہ گمنام اسٹیشن کو کیوں منتخب کیا گیا، تاہم یہ منصوبہ مستقبل میں ماحول دوست مواد اور جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے اہم ثابت ہو گا، جو دیگر خطوں میں تعمیراتی منصوبوں میں مدد فراہم کرے گا۔