
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں آوارہ کتوں کی آبادی میں اضافے کے باعث رواں سال جناح اسپتال، سول اسپتال اور انڈس اسپتال میں کتوں کے کاٹنے کے 8,000 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ ریبیز سے اب تک چھ اموات ہوچکی ہیں۔ انڈس اسپتال میں روزانہ 150 سے زائد مریض رجسٹر ہو رہے ہیں، جبکہ بلا اشتعال حملوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ماہرین نے ویکسی نیشن اور نس بندی کے فوری اقدامات پر زور دیا ہے اور ضلعی سطح پر خصوصی طبی مراکز کے قیام کی تجویز دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریبیز سے بچاؤ ممکن ہے اگر زخم فوری دھو کر ویکسین اور آر آئی جی انجکشن لگایا جائے۔ حکومت سے ویکسین کی مؤثر فراہمی اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔